• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ میں کالی کھانسی سے 5 بچوں کی موت، مرض میں مسلسل اضافہ

لندن (سعید نیازی) انگلینڈ میں کالی کھانسی کے کینسر مسلسل بڑھ رہے اور ہیلتھ حکام کے مطابق پانچ بچوں کی موت بھی واقع ہو گئی ہے۔ یوکے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی کے مطابق مارچ میں کالی کھانسی کے ایک ہزار 319کیسز سامنے آئے، فروری میں یہ تعداد 900 تھی۔ رواں برس تک اس مرض میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 2,800تک جا پہنچی ہے اور خدشہ ہے کہ رواں برس اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ 2018میں انگلینڈ میں 5,949افراد کالی کھانسی کا شکار ہوئے تھے۔ انفیکشن شیرخوار بچوں اور ذرا بڑے بچوں کیلئے سنگین ہو سکتی ہے۔ اب تک سامنے آنے والے کیسز میں نصف تعداد 15برس سے کم عمر بچوں کی ہے تین ماہ سے چھوٹے بچوں میں اس کی شرح زائد ہے اور ہلاک ہونے والے پانچوں کی عمریں تین ماہ سے کم تھی۔ کالی کھانسی کو ’’100دن کی کھانسی‘‘ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے اور اس کی شدت میں ہر تین سے پانچ برس کے بعد اضافہ ہو جاتا ہے۔ کورونا کے دوران اس کے کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی لیکن اب حاملہ خواتین اور بچوں میں ویکسین کے استعمال میں مسلسل کمی کے سبب بیماری پھر سر اٹھا رہی ہے۔ کالی کھانسی تمام عمر کے افراد کو متاثر کر سکتی ہے تاہم بچوں کیلئے سنگین ہے۔

یورپ سے سے مزید