• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین میں فرانسیسی فوجیوں کو نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرینگے، روس کی دھمکی

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس نے دھمکی دی ہے کہ اگر فرانس نے یوکرین میں فوجی بھیجے تو وہ ہمارے نشانے پر ہوں گے۔فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ روس کے خلاف جنگ میں مصروف یوکرین میں ہم اپنے فوجی بھیج سکتے ہیں ۔ روسی امور خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے ماسکو میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے کہا کہ ماکروں کے اس بیان کا مقصد ہماری حکمت عملی کو غیر یقینی سے دوچار کرنا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ اگر فرانسیسی فوجیوں کو یوکرینی محاذوں پر پایا گیا تو ہماری فوج انہیںنشانہ بنانے سے گریز نہیںکرے گی۔ دوسری جانب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اور دیگر اعلیٰ فوجی عہدیداروں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی عین موقع پر پکڑی گئی۔خبر رساں ادارے کے مطابق قتل کی یہ سازش روس یا کسی اور دشمن ملک میں نہیں بلکہ یوکرین میں ہی صدر سمیت اعلیٰ حکام کی سیکورٹی کو یقینی بنانے والے اسٹیٹ گارڈز کے 2کرنل کررہے تھے۔ سیکرٹ سروسز کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیاکہ گرفتار ہونے والے دونوں افسران فروری 2022میں شروع ہونے والی روس جنگ سے پہلے بھرتی ہوئے تھے اور روس کے ایجنٹ تھے۔ انہیں ایسے شخص کی تلاش تھیجو صدر کی سیکورٹی پر مامور ہو اور یرغمال بناکر قتل کرسکے۔ادھر یوکرین کے دارالحکومت کیف کے علاوہ 6دیگر شہریوں پر روس نے 55میزائل اور 21ڈرون سے حملے کیے جن میں سے 39 میزائلوں اور 20ڈرون کو یوکرینی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا ۔

یورپ سے سے مزید