کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماءاور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کے حوالے سے پاکستان کی پہچان ہیں،مخیر حضرات اور قوم کو چاہیے کہ وہ ایدھی صاحب کی خدمات جاری رکھنے کیلئے ایدھی فائونڈیشن کا ساتھ دیں،ایدھی صاحب نے زندگی میں تو خدمت کی ،لیکن موت سے پہلے بھی اپنی دونوں آنکھیں عطیہ کر کے وہ تاریخ میں اپنا نام زندہ کرگئے۔ وہ اتوار کو ایدھی ہیڈ آفس میٹھادر میں فیصل ایدھی سے ان کے والد عبدالستار ایدھی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھی موجود تھے۔ اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے کہا کہ ہر آدمی اپنی دولت اور طاقت سے نہیں ،بلکہ عمل سے پہچانا جاتا ہے،عبدالستار ایدھی کی پہچان ان کی سماجی خدمت ہے،وہ غریب افراد کا سہارایتیموں کے کفالت کار اور ہر مظلوم انسان کے مدد گار تھے،وہ انسانیت کے شعبے میں پاکستان کی پہچان اور شناخت ہیں، قوم انکی خدمات کو کبھی بھول نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی صاحب نے انتقال کے بعد دو افراد کو آنکھیں عطیہ کی،اب وہ ایدھی صاحب کی آنکھوں سے دنیا کو دیکھ سکتے ہیں،یہ بہت بڑی قربانی ہے ،ہمیں ایدھی صاحب کے مشن کو جاری رکھنے میں ان کے ادارے کا ساتھ دینا ہوگا۔اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے پاکستان کا نام خدمت کے شعبے میں روشن کیا ہے،آج وہ ہم میں نہیں ،لیکن ان کے کارنامے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔