لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں پولیس چھاپے کے دوران 2 ہلاکتوں کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا۔
2 روز پہلے پولیس نے سادہ کپڑوں میں نواب ٹاؤن کے ایک گھر پر چھاپا مارا تھا، اس دوران گھر سے پولیس پارٹی پرفائرنگ ہوئی۔
فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا لیکن پولیس پارٹی کی فائرنگ سے مارا گیا مبینہ ڈکیت تاجر نکلا۔
اہلخانہ کا الزام ہے کہ پولیس نے سادہ کپڑوں میں چھاپا مارا، فیصل بٹ نے گھر میں گھسنے والوں کو ڈاکو سمجھ کر فائرنگ کردی، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
اہلخانہ کے مطابق پولیس نے فیصل کو گھرسے باہر لاکر مار ڈالا اور اپنے مقتول اہلکار کو اسپتال لے جا کر بعد میں پولیس کی وردی پہنائی۔
مقتول تاجر کے اہلخانہ نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔
لاہور میں چھاپے کے دوران جاں بحق ہونے والے اہلکار کی سادہ لباس تصویر نے نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
مبینہ چھاپہ ڈکیت فیصل بٹ کی گرفتاری کےلیے مارا گیا تو پولیس چھاپے کی انٹری تھانے میں کیوں نہیں کرائی گئی؟
پاک پتن پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ڈکیت فیصل مارا گیا جبکہ اہلخانہ کا موقف ہے کہ فیصل کو گھر سے باہر لے جاکر گولی ماری گئی۔