وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل میڈیا پر قانون سازی کےلیے رانا ثناء اللّٰہ کی سربراہی میں کمیٹی بنادی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر دنیا کے کئی ملکوں میں قانون سازی ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کافی دنوں سے بحث جاری ہے کہ حکومت ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق بل لارہی ہے، وزیراعظم نے اس معاملے پر رانا ثناء اللّٰہ کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر صرف سیاسی تنقید نہیں ہوتی، تشدد اور نفرت انگیزی بھی کی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ کی مشاورت سے ان قوانین پر سیاسی مشاورت کےلیے خصوصی کمیٹی بنائی ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ نفرت انگیز مواد بھی پھیلتا ہے، آج کی میٹنگ کا مقصد ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق کمیٹی کی تشکیل تھا۔
انہوں نے کہا کہ اندرونی بیرونی چیلنجز سے نمٹننا افواج پاکستان کا کام ہے جبکہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت انتظامیہ کی ذمے داری ہے۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ہم سب کو خود احتسابی کرنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، پاکستانی قوم اپنے ایرانی بھائیوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایرانی صدر کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر پوری پاکستانی قوم رنجیدہ ہے۔