پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے بھی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی اداکارہ مدیحہ رضوی نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر اور دیگر ایرانی سرکاری عہدیداروں کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران اور امتِ مسلمہ کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔
اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ پاکستانی ایران کے لیے دعا گو ہیں۔
پاکستان کی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ازیکا ڈینئل نے ایرانی صدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ صبح اُٹھتے ہی ناقابلِ یقین خبر سنی۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ میں انسانیت کی بنیاد پر ابراہیم رئیسی کی حمایت کرتی ہوں۔
اداکارہ غنا علی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کی خبر سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کے پیچھے چُھپی سازش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اپنی اسٹوری کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ کس نے کروایا ہے۔
اداکار عاصم محمود نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کے جاں بحق ہونے کو انتہائی افسوس ناک خبر قرار دیا ہے۔
اداکارہ انعم تنویر نے اپنی انسٹا اسٹوری میں ایرانی صدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمیں اس ناقابلِ تلافی نقصان کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ ہم ایران کی حکومت، عوام اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے لیے دعا گو ہیں۔
ان کے علاوہ مشہور میزبان شائستہ لودھی، اداکارہ سلمیٰ حسن، اداکار فیصل قریشی، خالد انعم، اسامہ خان، عمر عالم اور دیگر نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان اپنے دیگر رفقاء کے ہمراہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہو گئے، ہیلی کاپٹر کو حادثہ ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں شدید دھند کے دوران پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے پیش آيا تھا۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آيا جب ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جا رہے تھے۔