’بارک ائیر‘ اپنی نوعیت کی پہلی ائیر لائن ہے جو آئندہ چند دنوں میں آسمانوں پر پرواز بھرنے جا رہی ہے، یہ ائیر لائن پالتو کتے رکھنے والوں اور ان کے ساتھ آرام دہ سفر کے خواہشمند افراد کو نئے مواقع فراہم کرے گی۔
امریکا کی بارک ائیر کمپنی کا اپنی ویب سائٹ پر کہنا ہے کہ ’ہم کتوں کے لیے ہوائی سفر کی دنیا میں انقلاب لانے کے لیے آئے ہیں، ہماری ائیر لائن سو فیصد اور مکمل طور کتوں کی خدمت کے لیے بنائی گئی ہے۔‘
کتوں کے لیے ہوائی سفر کی یہ سروس پالتو جانوروں کی کمپنی ’بارک‘ کی جانب سے شروع کی گئی ہے۔
’بارک ائیر لائن‘ کا مقصد پالتو جانوروں کو اپنی آنکھوں کے سامنے اور درمیان میں رکھنا ہے، اب پالتو کتوں کے مالکان کو ہوائی سفر کے دوران اپنے کتوں کو کارگو ہولڈ میں چھوڑنے یا اِنہیں کریٹ میں ڈالنا نہیں پڑے گا۔
بارک ائیر کی مئی اور جون کے لیے پروازیں پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔
بارک ائیر اپنے ’کینائن صارفین‘ (کتوں) کی پرواز کے دوران مختلف مہنگے کھانوں اور مشروبات سے تواضع کرے گی۔
’بارک‘ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کے ہوائی جہاز کتوں کے مطابق بنائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بارک ائیر لائن کے خریدے گئے ہر ٹکٹ پر اپنے کتے کے ساتھ ایک مالک سفر کر سکے گا، اگر ضرورت پڑے اضافی مسافر کے لیے دوسری ٹکٹ بھی خریدی جا سکتی ہے۔
بارک ائیر لائن کے مطابق ان کی پرواز میں 18 سال سے کم عمر فرد کو پرواز کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
’بارک‘ کے شریک بانی اور سی ای او میٹ میکر کا کہنا ہے کہ ’یہ پالتو کتوں کے لیے فرسٹ کلاس اور ان کے مالکان کے لیے بزنس کلاس کا تجربہ ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کتے کی ہر ضرورت کو پورا کرتے ہیں، ان کی پریشانی اور ان کے تناؤ کو کم کرنے کے خواہاں ہیں اس لیے اِنہیں ہمارے ہوائی جہاز میں سب سے زیادہ آرام دہ اور خوف سے پاک ہوائی سفر کا تجربہ حاصل ہوگا۔‘