• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کو 'خاموش ایئر پورٹ' کی ضرورت کیوں؟

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سعودی حکومت نے رواں ہفتے کے آغاز میں ابہا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو مملکت کا پہلا ’خاموش ایئر پورٹ‘ بنانے کا اعلان کر دیا۔

سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اب ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام مسافروں کو خود چوکنا رہنا ہو گا کیونکہ وہاں مسافروں کی بورڈنگ یا فلائٹ کی روانگی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد آوازوں کے شور سے پاک عام ماحول کو فروغ دینا ہے تاکہ دنیا بھر کے متعدد انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر لاگو ہونے والے بہترین عالمی طریقوں کو برقرار رکھا جا سکے۔

اس حوالے سے ایئر پورٹ انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ عمل دنیا کے کئی ایئر پورٹس پر لاگو کیا گیا ہے جن میں سنگاپور کا چانگی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، زیورخ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ایمسٹرڈیم انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لندن سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کا بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ مسافروں کو فلائٹ ڈسپلے اسکرینز کے ذریعے فلائٹس کی متعلقہ و درست معلومات فراہم کی جائیں گی اور مسافروں کی بورڈنگ کے لیے گیٹ کھولنے سے پہلے بورڈنگ گیٹس پر بھی پرواز کی معلومات آویزاں کی جائے گی۔

مزید برآں مسافروں کی توجہ ایئر پورٹ پر وائس کالز کی عدم موجودگی کی طرف مبذول کروانے کے لیے’خاموش ایئرپورٹ‘ کے تصور کے بارے میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صرف کچھ ہنگامی حالات میں جیسے کہ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر یا مسافروں کے لیے اہمیت کے دیگر اعلانات کرنے کے لیے وائس کال سسٹم استعمال کیا جائے گا۔

خاص رپورٹ سے مزید