• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری---فائل فوٹو
اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری---فائل فوٹو 

سینئر اداکارہ، کامیڈین، گلوکارہ و پاکستان کی نامور شخصیت بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ میں نے کسی کا گھر نہیں اُجاڑا، لوگ کہتے ہیں میں نے فلانی کا گھر اجاڑا اور فلانی کے بچے وغیرہ، میری شادی سے قبل اقبال حسین کی سابقہ اہلیہ الگ رہتی تھیں اور اُن کی زندگی میں بھی تبدیلیاں آ چکی تھیں۔

اداکارہ بشریٰ انصاری نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اپنی بہن، اداکارہ اسمہ عباس کے ہمراہ پہلی بار انٹرویو دیا۔

اس دوران اداکارہ نے اپنی دوسری شادی سے متعلق موضوع پر کھُل کر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے 60 سال کی عمر میں دوسری شادی کیوں کی۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ مجھے خود دوسری شادی سے متعلق فیصلہ لینے کے لیے ڈیڑھ سال لگا، میرے بڑے بھائی فیملی کے سربراہ کی طرح ہیں، انہوں نے دوسری شادی کے لیے کہا، پھر قریبی اور بہترین دوست، حتیٰ کہ ساتھی اداکار تک اقبال حسین سے مل کر مجھے جَلد شادی کرنے کا مشورہ دے چکے تھے۔

 لیجنڈری اداکارہ نے کہا اُس وقت میری والدہ بھی حیات تھیں، والدہ کا بھی کہنا تھا کہ یہ (اقبال حسین) کتنی اچھی شخصیت کا مالک ہے، یہ گھر میں گھومتا پھرتا کتنا اچھا لگے گا۔


بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ میری بہن، اسمہ عباس کی بیٹی، اداکارہ زارا نور عباس کی شادی پر سب جمع تھے، اس دوران یہ بات بھی چل نکلی کہ بس اب یہ (شادی) کرنا ہے، زارا نور عباس کی شادی پر میں نے دوسری شادی کا فیصلہ لیا تھا۔

اس دوران اداکارہ اسمہ عباس نے بشریٰ انصاری کی بات کاٹتے ہوئے مذاق میں کہا کہ ’پھر دو لڑکیاں بیاہی میں نے۔‘

اس پر بشریٰ انصاری اور شو کی میزبان بھی ہنس پڑیں۔

بعد ازاں اداکارہ بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ پھر میں نے شادی کر لی، شادی کا پہلے سے کوئی ارادہ نہیں تھا، بس اللّٰہ نے چاہا اور دوسری شادی ہو گئی۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ 60 سال کی عمر میں دوسری شادی کا کوئی نہیں سوچتا ہے، مجھے بھی دوسری شادی کی ضرورت نہیں تھی، میں اپنی زندگی میں آزاد اور خوش تھی، میرے پاس ہر آسائش موجود تھی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں شادی سے قبل 10 سال تک اکیلی رہی ہوں، میں کوئی تنہائی کا شکار نہیں تھی۔

بشریٰ انصاری کا مزید کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ عمر کا فرق اور وغیرہ وغیرہ، میرے شوہر اقبال حسین بھی گزشتہ 8 برسوں سے اکیلے گھوم رہے تھے اور میں بھی اپنی زندگی انجوائے کر رہی تھی، مجھے کسی مرد کی ضرورت نہیں تھی، میرے پاس شروع سے ہی اپنا ذاتی گھر اور گاڑی رہی ہے، مجھے کسی چیز کی کمی نہیں تھی، میں آج تک اپنے کسی شوہر پر بوجھ نہیں بنی ہوں، میں شروع سے ہی خود مختار رہی ہوں۔

اداکارہ کا اپنے دوسرے شوہر اقبال حسین کی سابقہ اہلیہ، فرح سعدیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ایک بہت ذہین خاتون ہیں اور اپنے بچوں کے ہمراہ علیحدہ رہ رہی تھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید