سابق وفاقی وزیرِ داخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کوئی بیوقوف ہی سمجھتا ہو گا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے گا۔
شیخ رشید نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں بانیٔ پی ٹی آئی کو رہا نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ آج کوئی فردِ جرم عائد نہیں ہوئی، ساڑھے 6 سو لوگوں کو دھوپ میں مارا گیا، پراسیکیوٹر سے آج میری لڑائی ہوئی۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ میں یہاں پیش نہیں ہوں گا، پراسیکیوٹر نے جج کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، ان کی یہ درخواست مسترد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کینیا کی فلم پاکستان میں دہرائی جا سکتی ہے، 30 اگست سے پہلے حساب ہو گا، شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، یہ آئی ایم ایف نے بنایا ہے۔
سابق وفاقی وزیرِ داخلہ نے مزید کہا ہے کہ قوم کسی لیڈر کا انتظار نہیں کرے گی، ہر طرف بھوک ہی بھوک ہے، یہ لڑائی غریب کی لڑائی ہے، حلق سے فلک تک غربت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو جیل میں گیا اس سے 164 کا بیان لیا گیا، کل میں جسٹس طارق جہانگیری کی عدالت سے رہا ہوا ہوں، 1 قبر ہے، مردے 3 ہیں، سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔