سابق وزیرِ اعظم پاکستان و پیپلز پارٹی کی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ کی تقریب جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے ملحقہ علاقے منی پاکستان یاشیوستان نیشنل حلال مارٹ کے ایونٹ ہال میں منائی گئی۔
اس تقریب کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کیا۔
جاپان کمیونٹی کی نمائندہ تنظیموں کے سربراہوں اور کمیونٹی کی اہم سیاسی، سماجی اور دینی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
مشہور عالمِ دین مفتی رضوان یوسفی نے تلاوتِ کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا جس کے بعد جاپان کے معروف نعت خواں الحاج فواد احمد مشتاق نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے شہید بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُنہیں ایک نڈر لیڈر قرار دیا۔
تقریب سے سینئر کمیونٹی رہنما سید سلیم شاہ شیخ، عامر افتخار، مرزا اکرم پی پی کے سینئر رہنما سید یاسر گیلانی، انفارمیشن سیکریٹری یوسف علی، سینئر دینی شخصیت کمال رضوی، اسلامک سرکل آف جاپان کے سرگرم ممبران خرم تحسین، سید شاہد شاہ، محمد یحییٰ بھائی، پی ای اے کے سابق اعلیٰ آفیسر رانا وحید قادری اور مشہور کاروباری و سماجی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کمیونٹی کی سینئر سماجی، سیاسی و دینی شخصیات نے مل کر پاکستان زندہ آباد کے نعروں کی زبردست گونج میں پی پی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ کے ہمراہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔