• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے پاس ثبوت موجود ہیں قاتلانہ حملہ شوہر نے کروایا، زینب جمیل کا نیا بیان جاری

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا
کولاج بشکریہ سوشل میڈیا 

سابقہ فیشن ماڈل و اداکارہ زینب جمیل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اُن کا پیغام سننے والے عوام اُن کے شوہر کو پکڑوانے میں مدد کریں۔

اداکارہ نے اپنے تازہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اُن پر قاتلانہ حملہ ہوئے 4 دن گزر چکے ہیں، وہ پولیس کو شوہر کے خلاف سب ثبوت اور گھر کا پتہ تک دے چکی ہیں مگر ابھی تک اُن کے شوہر کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

زینب جمیل نے سوال اٹھایا ہے کہ جو دھمکیاں میرا شوہر مجھے دیتا تھا اُن کے باوجود پولیس میرا ساتھ دے گی یا میرے شوہر کا۔

انہوں نے اس ویڈیو میں عوام سے اپیل کی ہے کہ ایک ہو جائیں اور مجھے انصاف دلوائیں، میرے ساتھ بہت بڑا ظلم ہوا ہے، میرے شوہر کو پکڑوانے میں میری مدد کریں۔


اس سے قبل انسٹاگرام پر اپلوڈ کی گئی ویڈیو میں زینب جمیل کا کہنا تھا کہ مجھے چھ گولیاں لگی ہیں اور میری طبیعت بہت خراب ہے، شوہر دو مہینوں سے دھمکیاں دے رہا تھا مگر میں نے اس بات کو نظر انداز کیا، میرے ذہن میں تھا کہ میرے بچوں کا باپ میرے ساتھ ایسا نہیں کر سکتا، مجھے لگا میرا شوہر مجھے صرف ڈرا رہا ہے۔

زینب جمیل نے طبیعت سنبھلنے پر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسپتال سے ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں میڈیا کو آنے نہیں دیا جا رہا ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ میری اس بات کو دبا دیا جائے، قاتلانہ حملے کے بعد اب اُنہیں  قتل کی دھمکیاں بھی موصول ہو رہی ہیں، اِن کی زندگی کو خطرہ ہے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب سے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ان پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیا جائے اور ان کے کیس کو شفاف بنایا جائے، اُنہیں چھہ گولیاں لگی ہیں، ان کی زندگی بچائی جائے، وہ دو بچوں کی ماں ہیں، اِنہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔


واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سابقہ اداکارہ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں زینب جمیل پر دو افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس میں سابقہ اداکارہ کو 6 گولیاں لگی تھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید