وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں مختلف وفاقی وزارتوں کی جانب سے پاک چین معاشی تعلقات سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، چینی انڈسٹری خصوصاً ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ زراعت، آئی ٹی اور انرجی سیکٹر میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان چین میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کا خواہاں ہے، حکومت چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، چینی تعاون سے گوادر بندرگاہ کو لاجسٹکس کا حب بنایا جائے گا۔