بھارتی پنجاب کی میوزک انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ، نوجوان دلوں کی دھڑکن، گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کو آج دو سال مکمل ہو گئے ہیں۔
آج سے دو سال قبل 29 مئی 2022ء کو سدھو موسے والا کو اُن کی رہائش کے قریب ہی گولیوں سے چھلنی کر کے موت کی گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔
سدھو موسے والا کے قتل کے بعد انکشاف ہوا تھا کہ معروف گلوکار کے قتل میں بدنامِ زمانہ گینگ لارینس بشنوئی کا ہاتھ ہے۔
حملہ آوروں نے گلوکار کو طویل دشمنی کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، گلوکار پر 30 سے زائد گولیاں چلائی گئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسے والا کو لارینس بشنوئی کے کارندے گولڈی برار نے قتل کیا تھا جسے بعد ازاں گرفتار بھی کیا گیا تھا، گولڈی برار گلوکار کو قتل کرنے کے لیے خصوصی طور پر لندن سے بھارت پہنچا تھا۔
واضح رہے کہ متعدد گرفتاریوں اور قانون کے حرکت میں آنے کے باوجود تاحال گلوکار کے مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں بھارتی پولیس ناکام رہی ہے۔
سدھو موسے والا سیاست میں بھی سرگرم تھے، انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر گزشتہ انتخابات میں مانسا سے الیکشن لڑا تھا جو کہ وہ ہار گئے تھے۔
بھارتی میڈیا ’منٹ‘ کے مطابق آج سدھو موسے والا کے خاندان کی جانب سے اُن کی یاد میں ایک اہم تقریب منعقد کی جائے گی جس کا اعلان گلوکار کی والدہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا ہے۔
’منٹ‘ کے مطابق گلوکار کی والدہ کا اپنی پوسٹ میں لکھنا ہے کہ ’ہم آپ کو یاد کرتے ہیں بیٹا سدھو، ہم آپ جیسے بیٹے کو زندگی بھر نہیں بھولیں گے، آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہو گے، آپ کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی، یہ دن تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا گیا ہے، سدھو موسے والا۔‘
دوسری جانب سدھو موسے والا کے والد، سردار بلکور سنگھ سدھو نے بھی اپنے بیٹے کی یاد تازہ کرتے ہوئے اُن کے لیے انصاف کی اپیل کی ہے۔
بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بلکور سنگھ سدھو نے کیپشن میں ’جسٹس فار سدھو موسے والا‘ کا ہیش ٹیگ دیا ہے۔
گلوکار کے والد نے بیٹے کے مجرموں کو تاحال سزا نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے ’انصاف ایک دھندلی امید بنی ہوئی ہے۔‘
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں سدھو موسے والا کے والدین، بلکور اور چرن کور نے اپنے دوسرے بیٹے کو خوش آمدید کہاتھا۔