اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا ہے کہ شاعر احمد فرہاد کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی تک کیس بند نہیں ہوگا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست نمٹانے کی استدعا مسترد کر دی۔
انہوں نے کہا کہ جس دن احمد فرہاد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، ہم پٹیشن نمٹا دیں گے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ احمد فرہاد پر آزاد کشمیر کی حدود میں مقدمات درج ہیں، وہ 2 جون تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ احمد فرہاد کو فیملی سے بھی ملوا دیا گیا ہے، حبسِ بے جا کی پٹیشن نمٹا دی جائے۔
احمد فرہاد کی وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ ہم نے صرف واپسی نہیں مانگی تھی، یہ بھی مانگا تھا کہ جبری گمشدگی کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست کی مزید سماعت 7جون تک ملتوی کر دی۔