• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی خدمت کے منصوبے گھر کی دہلیز تک پہنچانا ہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم نے عوامی خدمت کے منصوبوں کو گھروں کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔

لاہور میں ’مریم کی دستک ‘ ایپ پروجیکٹ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی رہنمائی میں عوامی خدمت کے ایک اور منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر کہ میں نے جو خواب دیکھا تھا وہ پورا ہو گیا، ہم نے عوامی خدمت کے منصوبوں کو گھروں کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ فیلڈ اسپتال تقریباً 6 ہزار لوگوں کا روز علاج کر رہے ہیں، ایئرکنڈیشنڈ کنٹینر کے اندر ایک ہاسپٹل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ بڑی تعداد کلینک آن ویلز میں اپنا علاج کرا رہی ہے، ہمارا مقصد مفت علاج اور مفت دوائیں عوام کے گھر تک پہنچانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ہم نے سیف سٹی میں ایک ورچوئل پولیس اسٹیشن خواتین کے لیے بنایا ہے، جس کی آپریٹرز بھی خواتین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو گھر سےنکل کر تھانے نہیں جانا پڑتا، خواتین کے لیے بڑا مشکل کام ہے تھانوں میں جا کر رپورٹ کرانا، ہم نے سروسز کو دہلیز تک پہنچایا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ خواتین کو ورچوئل پولیس اسٹیشن کی سہولت دی، خواتین کو وڈیو کال کے ذریعے سروسز مل سکتی ہیں، کال اٹینڈ کرنے والی بھی خاتون ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب کو ایک کلک پر لانے کے لیے یہ بہت بڑا قدم ہے، دستک ہیلپ لائن، ویب پورٹل یا دستک ایپ پر دس سروسز دی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ کے وقت کی بچت ہو گی اور دفاتر میں جانا نہیں پڑے گا، میرا خواب ہے کہ حکومت پیپر فری ہو۔ مریم کی دستک کی ہیلپ لائن پر کال کرنے سے ڈاکومنٹ گھر تک پہنچائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، جب میں نے حلف اٹھایا تو رمضان کی آمد تھی، ہم نے رمضان پیکیج لوگوں کی دہلیز تک پہنچایا،حکومت کو آئے3 ماہ ہو گئے ہیں روٹی 12 روپے تک آ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت مڈل مین سے گندم خریدتی تھی، جو سستی گندم مہنگی کرکے فروخت کرتا تھا، اس بار ہم نے نہیں خریدی اور صوبائی حکومت کا پیسا ضائع ہونے سے بچایا، جس کی وجہ سے روٹی سستی ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گھیراؤ جلاؤ، بلڈنگ جلا دو، سڑکیں بلاک کردو، دھرنے دیدو، ہمیشہ کےلیے وہ دن ختم ہوئے، پیٹرول بم اور نوجوان نسل کو جیلوں میں بھیجنے والے دوست نہیں دشمن ہیں۔

مریم نواز ایپ پروجیکٹ کی تقریر کے اختتام پر شریک بچیوں اور بچوں سے گھل مل گئیں، جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

قومی خبریں سے مزید