گزشتہ روز پاکستان کو امریکا کے ہاتھوں ہونے والی شکست پر کرکٹ شائقین کی طرح لیجنڈری مصنف، مزاح نگار و میزبان انور مقصود بھی دل شکستہ نظر آ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انور مقصود نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں ڈیبیو کرنے والی امریکی ٹیم کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
انور مقصود نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہارنے کی وجہ مجبوری اور شرائط کو قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں انور مقصود کا سوال ’امریکا سے پاکستان میچ ہار گیا، اس پر کیا کہیں گے؟‘ کے جواب میں کہا ہے کہ ’یہ مجبوری میں ہارا ہے، آئی ایم ایف کا قرضہ ملنا ہے، ابھی ملا نہیں ہے، تو شاید یہ بھی شرط ہوگی کہ امریکا سے ہارو پھر پیسے دیں گے، ورنہ اور کوئی وجہ مجھے سمجھ میں نہیں آتی۔‘
بھارت بمقابلہ پاکستان کے ٹاکرے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انور مقصود نے کہا ہے کہ ’جن پاکستانیوں نے پاک بھارت میچ کے ٹکٹ خریدے ہوئے ہیں وہ میرا خیال ہے اب آدھی قیمت پر ان ٹکٹس کو آگے بیچ دیں گے۔‘
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024ء میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔
ڈیلس میں گروپ اے کا کھیلا گیا میچ ٹائی ہونے کے بعد امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا لیکن قومی ٹیم صرف 13 رنز بنا سکی۔
قومی ٹیم کا اب اگلا میچ 9 جون کو بھارت اور 11 جون کو کینیڈا کے خلاف ہوگا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج کا میچ 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔