• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چنکی پانڈے اپنی فلم کے سیٹ پر اننیا کو کیوں نہیں لے جاتے؟

بالی ووڈ اداکار چنکی پانڈے نے بیٹی اننیا پانڈے کو اپنی فلم کے سیٹ پر نہ لے جانے کی وجہ کا تذکرہ کردیا۔

اننیا پانڈے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اُن کی نئی ریلیز پر فلم بینوں کے مثبت ردعمل سے کافی خوش ہیں، انہوں نے حال ہی میں اپنے والد کے ساتھ ایک انٹرویو میں شرکت کی۔

اس دوران 62 سالہ چنکی پانڈے نے 26 سالہ بیٹی اننیا پانڈے کے ساتھ اپنے فلمی کیرئیر پر کھل کر بات چیت کی۔

اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اننیا پانڈے نے والد سے استفسار کیا کہ وہ مجھے اپنی فلم کے سیٹ پر کیوں نہیں لے گئے؟ جس کے جواب میں چنکی پانڈے نے کہا کہ وہ فلم میں بہت کم کام کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا فلم کیرئیر بہت ہی زیادہ نیچے آگیا ہے، دراصل اس وقت میرے پاس کوئی کام نہیں ہے۔

چنکی پانڈے نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں بنگلادیش سے لوٹا ہوں اور انڈسٹری میں کام کی تلاش میں ہوں، ابھی تو وہ مرحلہ نہیں کہ تمہیں یا تمہاری والدہ کو فلم سیٹ پر بلایا جائے۔

اننیا پانڈے نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو لیڈ کردار کی آفر ہوئی اور پھر کرداروں کو بدل دیا گیا، ایسی صورتحال آپ کے ساتھ کیرئیر کے دوران پیش آئی؟

چنکی پانڈے نے اس سوال کے جواب میں ہاں میں سر ہلایا اور کہا کہ بالکل ایسا ہے، فلم آنکھیں کے بعد میرے پاس کوئی کام نہیں، جو آخری فلم میں نے کی وہ ’تیسرا کون‘ تھی۔

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ معاملہ یہ ہے کہ آپ میوزیکل چیئر کے کھیل میں شریک ہیں اور موسیقی رکنے کے بعد آپ کے پاس کوئی سیٹ نہیں۔

اداکار نے کہا کہ میں کام نہ ملنے کی وجہ سے بیزار ہوگیا تھا پھر بنگلادیش چلا گیا، وہاں فلمیں کیں، خوش قسمتی سے اُن لوگوں نے مجھے کام دیا اور میں نے 5 سال میں اپنا گھر بنالیا۔

چنکی پانڈے 1987ء سے بالی ووڈ میں کام کررہے ہیں، اُن کی مشہور فلموں میں تیزاب، خطروں کے کھلاڑی اور پاپ کی دنیا شامل ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید