• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی خاتون ماڈل اور اہلخانہ برازیل میں اغواء

لوسیانا کرٹس— فائل فوٹو
لوسیانا کرٹس— فائل فوٹو

امریکی شہر نیویارک سے تعلق رکھنے والی برازیلین خاتون ماڈل کو شوہر اور 11 سالہ بچے کے ساتھ برازیل میں گن پوائنٹ پر اغواء کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں 27 نومبر کو ان افراد کو 12 گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا گیا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لوسیانا کرٹس نامی ماڈل اور ان کے شوہر کو ساؤ پاؤلو میں ایک ریسٹورنٹ سے نکلتے ہوئے گن پوائنٹ پر مسلح افراد نے زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھایا اور ساتھ لے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان افراد کو ایک جھونپڑی میں رکھا گیا تھا جہاں صرف ایک بیت الخلاء، گدا اور ایک سنک تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق مسلح ملزمان کے گینگ نے یرغمال بنائے گئے افراد کو بینک اکاؤنٹس سے رقم منتقل کرنے پر مجبور کیا تاہم 28 نومبر کو پولیس کی جانب سے شروع کیے گئے سرچ آپریشن کا پتہ لگنے پر ملزمان نے امریکی ماڈل اور ان کے اہلِ خانہ کو چھوڑ دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لوسیانا کرٹس کی بڑی بیٹی نے گھر میں کسی کے واپس نہ آنے پر اپنے چچا کو والدین کی گمشدی کے بارے میں آگاہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا تھا۔

مقامی پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرنے کے بعد ملزمان یرغمالیوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق رہائی ملنے کے بعد یہ افراد علاقے سے گزرنے والے ٹرک کے ذریعے قریبی پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں ان کے بیانات قلم بند کر کے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

امریکی ماڈل کی ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تمام افراد کے خیریت سے ہونے کی تصدیق کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 47 سالہ لوسیانا کرٹس ساؤ پاؤلو میں پیدا ہوئی تھیں اور وہ نیویارک، لندن اور ساؤ پاؤلو میں اپنا زیادہ تر وقت گزارتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید