• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی کمپنی ہر سال 2 لاکھ پاکستانیوں کو آئی ٹی تربیت دے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی کمپنی ہر سال 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی تربیت دے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو اپنے حالیہ دورہ چین کے بارے میں اعتماد میں لیا اور بتایا کہ دورہ چین میں سی پیک کے دوسرے مرحلے پر مثبت گفتگو ہوئی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دورے کے دوران پاکستانی اور چینی کاروباری و سرمایہ کاروں کے درمیان ہزار سے زائد ملاقاتیں ہوئیں۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاک چین تعاون کومزید وسعت دینے کےلیے جلد چینی حکام کا وفد پاکستان آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ہزار نوجوانوں کو زرعی شعبے میں پیشہ وارانہ تربیت کے لیے چین بھیجیں گے، چین کی معروف کمپنی ہر سال 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دے گی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو چینی صدر اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے کابینہ کو پاک چین باہمی تعلقات، اقتصادی اور اسٹریٹیجک شراکت داری پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2024 کی اصولی منظوری دے دی اور ساتھ ہی وزارتِ قانون و انصاف کو ضروری نظر ثانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اعلامیے کے مطابق ایکٹ کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی تشکیل دی جائیں گی۔

کابینہ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد کےلیے نیشنل کمیشن فار ہیومین رائٹس کے رکن کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے ثالثی قانون کے مسودے پر ضروری قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی، اس حوالے سے صوبے سے مشاورت کی بھی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) اور سری لنکا کے ادارے کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی سرکاری ملکیتی ادارے کے 13 اور 20 مئی کے فیصلوں، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 اور 27 مئی کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 5 جون کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید