• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکی مروت بارودی سرنگ دھماکے کے تمام شہداء سپردِ خاک

لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے کے تمام شہداء کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کی نمازِ جنازہ میں حاضر سروس افسران، جوان، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔

شہید صوبیدار میجر محمد نذیر کو اسکردو، لانس نائیک محمد انور کو گانچھے میں سپردِ خاک کیا گیا۔

لانس نائیک حسین علی کو غذر، سپاہی اسد اللّٰہ کو ملتان میں سپردخاک کیا گیا ہے۔

سپاہی منظور حسین گلگت اور سپاہی راشد محمود راولپنڈی میں سپردِ خاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کوختم کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے بہادر شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

واضح رہے کہ 9 جون کو لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے کیپٹن فراز الیاس سمیت 7 جوان شہید ہو گئے تھے۔

خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں بھی بارودی سرنگ دھماکے میں شہید جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی تھی۔

جس کے بعد تمام شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیے گئے تھے۔

لکی مروت میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نمازِ جنازہ و تدفین چونیاں میں کی گئی تھی۔

شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ و تدفین میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، عسکری حکام، اہلِ خانہ، وفاقی وزراء و دیگر افراد نے شرکت کی تھی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہید کے جنازے کو کاندھا بھی دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید