• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینسر کے علاج کے لئے طویل انتظار برطانیہ بھر میں معمول بنتا جارہا ہے، رائل کالج آف ریڈیولوجسٹ

لندن (پی اے) رائل کالج آف ریڈیولوجسٹ (آر سی آر) نے کہا ہے کہ کینسر کے علاج کے لئے طویل انتظار برطانیہ بھر میں معمول بنتا جا رہا ہے۔کالج نے کینسر کی افرادی قوت میں آنے والے بحران کے بارے میں خبردار کیا ہے، جس میں ریڈیولوجسٹ میں 30فیصد کمی اور کلینکل آنکولوجسٹ میں 15فیصد کمی ہے۔ کنزرویٹو پارٹی نے کہا کہ وہ دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں اگلی پارلیمنٹ کے آخر تک انگلینڈ میں کینسر کے علاج کے موجودہ اہداف کو پورا کر لے گی۔ لیبر نے کہا ہے کہ وہ جلد تشخیص کو بہتر بنانے کے لئے اسکینرز کی تعداد کو دوگنا کر دے گا جبکہ لبرل ڈیموکریٹس نے کہا کہ وہ انگلینڈ میں فوری ریفرل کے 62دنوں کے اندر تمام مریضوں کے علاج شروع کرنے کی قانونی ضمانت متعارف کرائیں گے۔ آر سی آر رپورٹ انگلینڈ، ویلز، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں کینسر کے 60ماہر مراکز کے سینئر منیجرز کے جوابات پر مبنی تھی، جس کے مطابق ڈاکٹروں کی تعداد ضرورت کے مطابق کم ہے۔ نومبر 2023میں کئے گئے اس سروے میں پتا چلا کہ شدید تاخیر کا سامنا کرنے والے مراکز کی تعداد ایک سال میں تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ 47فیصد سائٹس کے منیجرز نے کہا کہ کیموتھراپی اور کینسر کی دیگر دوائیوں کی ضرورت والے مریضوں کو زیادہ تر ہفتوں یا ہر ہفتے تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پچھلے سال کی بہ نسبت 28فیصد سائٹس پر زائد تاخیر کی اطلاعات ہیں۔ ریڈیو تھراپی میں ہفتہ وار تاخیر کی اطلاع دینے والے مراکز بھی تقریباً دوگنا ہو گئے، 2022 میں ان کی تعداد 22 فیصد تھی، جو کہ 2023 میں 43فیصد ہو گئی۔ سروے میں شامل تقریباً تمام کلینیکل ڈائریکٹرز نے کہا کہ افرادی قوت کی کمی بیک لاگ کا سبب بن رہی ہے۔ آر سی آر کی صدر ڈاکٹر کیتھرین ہالیڈے نے کہا کہ ہمارے پاس مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو محفوظ طریقے سے سنبھالنے کے لئے کافی ڈاکٹر نہیں ہیں اور یہ مسئلہ صرف اس صورت میں مزید خراب ہوگا جب طلب مسلسل بڑھے گی۔ دوسری جانب مزید ڈاکٹرز این ایچ ایس چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ برطانیہ کے چاروں ممالک میں صحت کے نظام کوویڈ وبائی مرض سے پہلے ہی کینسر کے علاج کے اہداف حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ مارچ سے این ایچ ایس کے تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ انگلینڈ میں کینسر کے علاج کا پہلا مرحلہ شروع کرنےکے لئے 62 دن سے بھی کم انتظار کرنے والے مریضوں کا ہدف 85 فیصد کے کے مقابلے میں 69 فیصد تھا۔ کینسر ریسرچ یو کے کے نئے تجزیئے سے پتا چلا ہے کہ دسمبر 2015 سے جب آخری ہدف حاصل کیا گیا تھا۔ انگلینڈ میں کینسر کے 382000مریضوں کا علاج مقررہ وقت کے اندر نہیں کیا گیا۔ چیرٹی اگلی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ انگلینڈ کے لئے کینسر کی ایک طویل مدتی حکمت عملی تیار کرے۔

یورپ سے سے مزید