• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی دھمکیاں بےکار



وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی دھمکیاں بےکار نظر آئیں، صوبے میں 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ پر عملدرآمد جاری ہے۔

نوشہرہ میں پی ٹی آئی ایم این اے ذوالفقار خان نے کارکنوں کے ہمراہ پبی اور تاروجہ گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول کر 12 فیڈرز کی بجلی زبردستی بحال کروادی تھی، پیسکو حکام نے رکن قومی اسمبلی کےخلاف مقدمہ درج کروانے کیلئے مراسلہ بھیج دیا۔

مردان میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے مالاکنڈ روڈ پر واپڈا دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا۔

ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ زیادہ نقصان والے فیڈرز پر زیادہ لوڈشیڈنگ ناگزیر ہے۔

 گرڈ اسٹیشنز واقعات، اویس لغاری نے محسن نقوی سے مدد مانگ لی

دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خط لکھ کر خیبر پختونخوا میں گرڈ اسٹیشنز پر پیش آنے والے واقعات پر مدد مانگی تھی۔

خط کے مطابق خیبر پختونخوا میں ذمہ دار شخصیات گرڈ اسٹیشنز کے احاطے میں مظاہروں کی قیادت کر رہی ہیں، ایسے واقعات بجلی بندش پر مردان، چارسدہ، ٹانک، بنوں اور پشاور میں پیش آ رہے ہیں۔

خط کے متن کے مطابق سی ای او پیسکو کی طرف سے بھیجی گئی ایک رپورٹ شیئر کی جا رہی ہے، صوبائی اراکین اسمبلی اور دیگر نے گرڈ اسٹیسن عملے کو بجلی بحالی سے متعلق غیرقانونی احکامات دیے۔

خط کے مطابق ان فیڈرز پر بہت نقصانات اور بجلی چوری ہوتی ہے۔ یہ صورتحال گرڈ اسٹیشنز اور عملےکی حفاظت کےلیے خطرے کا باعث ہے۔

متن کے مطابق پولیس ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کر رہی۔ اس سے قانون کو ہاتھ میں لینے کے لیے دیگر اضلاع کے عوام کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گرڈز پر سخت سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے اور غیر متعلقہ افراد کو گرڈز میں داخل ہونے سے روکا جائے۔

خط کے مطابق پیسکو رپورٹ میں نامزد گرڈ اسٹیشنز میں زبردستی گھسنے والوں پر مقدمات درج کیے جائیں، اور ان افراد پر بھی مقدمات درج کیے جائیں جو زبردستی گرڈ اسٹیشنز میں داخل ہوئے اور بجلی بحال کی۔

قومی خبریں سے مزید