• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان نورا کشتی چل رہی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان نورا کشتی چل رہی ہے، حکومت کی نااہلی اور کرپشن نے موسم کی شدت بڑھا دی۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ قوم 2800 ارب روپے ایسے ادا کر رہے ہیں جس کی بجلی نہیں بن رہی، حکومت نے بجٹ میں ٹیکسوں کا مزید بوجھ لاد دیا۔

انہوں نے کہا کہ غریبوں پر نئے ٹیکس لگا دیے گئے، ارکان اسمبلی اور امرا پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا، ایف بی آر کا کام لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پروفیشنل لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، حکمران طبقے نے 77 سال میں عوام کو کچھ نہیں دیا، مڈل کلاس طبقہ بڑی مشکل سے زندگی بسر کر رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک سے برین ڈرین ہو رہا ہے، 35 فیصد تک ٹیکس لگانا کسی صورت قبول نہیں ہے، چھوٹے کسانوں کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے، میاں صاحبان سمیت حکمران طبقے کی شوگر ملیں ہیں، گنے کے کاشتکار کی کمر توڑی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ خزانہ کہہ رہے ہیں ملک کے تمام اداروں کو بیچ دینا چاہیے، وہ ایسی نجکاری کا بیان کیسے دے سکتے ہیں، اس طرح کے فرمان جاری کرنے سے پاکستان نہیں چلے گا، لوگوں کے گھروں میں بجلی کے بل نہیں آ رہے بم آرہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف لوڈشیڈنگ ہے دوسری طرف بجلی کے بھاری بل، شہباز شریف پی ڈی ایم حکومت میں بھی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے بڑے دعوے کرتے تھے، عوام پیسے خرچ کر رہے ہیں، من پسند لوگ پنپ رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کی معیشت تباہ کرنے والے لوگوں کو کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، ظلم کے خلاف مؤثر آواز اٹھانا اور پُرامن احتجاج ہی واحد راستہ ہے، جماعت اسلامی کل ملک بھر میں پُرامن احتجاج کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید