کراچی شدید گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے جہاں موجودہ درجۂ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ آج درجۂ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد کی فضا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت 50 ڈگری کی محسوس کی جا رہی ہے۔
کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ کل (بدھ کو) زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
جمعرات کو کراچی میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اس دوران دن میں شمال مغرب کی سمت سے بلوچستان کی گرم ہوائیں چلتی رہیں گی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر مقامات پر آئندہ 3 روز موسم شدید گرم ہونے کا امکان ہے، گھوٹکی، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ میں درجۂ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
حیدر آباد، عمر کوٹ تھرپارکر، بدین میں درجۂ حرارت 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
آج اور کل جامشورو، تھر پارکر، ٹھٹہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
عمر کوٹ، سانگھڑ، میر پور خاص اور دیگر مقامات پر کل آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔