تشدد سے متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں سے اظہار یک جہتی کےلیے کُل جماعتی حُریت کانفرنس نے مظفرآباد میں ریلی نکالی۔
مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال، کشمیری قیدیوں کی حالت زار اور بھارتی جنگی جرائم کے خلاف برہان وانی شہید چوک سے گھڑی پن چوک تک ریلی نکالی گئی۔
شرکاء نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں قیدیوں کی رہائی کے مطالبات اوران کی تصاویر آویزاں تھیں، مظاہرین نے مقبوضہ وادی کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
اس موقع پر کشمیری رہنماؤں نے اقوامِ متحدہ کے مبصرین کو بھارتی جنگی جرائم کیخلاف قرار داد بھی پیش کی۔
کنوینرحریت کانفرنس غلام محمد صفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قبضے کے خاتمے اور حصول حق خودارادیت تک جدوجھد جاری رہے گی۔
اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔