• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا، ہانگ کانگ میں خیبر پختونخوا کے ڈرائیونگ لائسنسز کی مبینہ جعلی تصدیق


آسٹریلیا اور ہانگ کانگ میں خیبر پختونخوا کے ڈرائیونگ لائسنسز کی مبینہ جعلی تصدیق کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

ہانگ کانگ میں 89 اور آسٹریلیا میں متعدد جعلی لائسنسز کی تصدیق کی شکایات کی گئی ہیں۔

ڈرائیونگ لائسنس کی جعلی تصدیق کے اسکینڈل پر ہانگ کانگ حکومت نے  قومی احتساب بیورو سے رابطہ کرلیا اور کہا کہ 89 درخواست گزاروں کو پاکستانی لائسنس کی بنیاد پر ڈرائیونگ لائسنس دیے گئے۔

انڈیپینڈنٹ کمیشن اگینٹس کرپشن (آئی سی اے سی) ہانگ کانگ کا کہنا ہے کہ  ہانگ کانگ لائسنس کیلئے پاکستانی لائسنس کی جعلی تصدیق جمع کروائی گئی۔

وزارت خارجہ کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کو معاملے کی چھان بین کی ہدایت کی گئی اور آسٹریلیا میں خیبر پختونخوا کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق شکایات صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئیں۔

مراسلے میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا سے کم عمر لوگوں کو بھی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، پاکستان کے دیگر صوبوں کے شہریوں کو بھی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، ایسے لوگوں کو بھی لائسنس جاری کیے گئےجو پاکستان آئے ہی نہیں تھے، نظام میں خامیوں کے باعث کئی لوگوں نے جعلی لائسنس حاصل کیے، معاملے کی چھان بین کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

جس کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے چھان بین کیلئے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کو انکوائری افسر مقرر کردیا۔

دوسری جانب  ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا احمد کمال نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ اسکینڈل کی چھان بین شروع کردی ہے،  انکوائری مکمل ہوتے ہی رپورٹ صوبائی حکومت کو جمع کروا دی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید