پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزاد صحافت سے خوفزدہ اور عوام سے مایوس ہے۔
کراچی سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقتدار کےلیے غیر جمہوری ہتھکنڈے اختیار کرنا اور سازش کرنا پی ٹی آئی کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خیبر پختونخوا میں صحافیوں کے خلاف پُرتشدد واقعات میں اضافے ناقابل برداشت ہیں۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ متاثر صحافی مظالم کا ذمے دار خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور حکمران جماعت کو قرار دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر مظالم سے صحافت کو دبانا فسطائیت پسند گروہوں کا وتیرہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی آزاد صحافت سے خوفزدہ اور عوام سے مایوس ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ اقتدار کےلیے غیر جمہوری ہتھکنڈے اختیار کرنا اور سازشیں کرنا پی ٹی آئی کی پہچان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کی خاطر گرنے کےلیے پی ٹی آئی کی کوئی حد نہیں، خیبر پختونخوا میں صحافیوں پر مظالم کے خلاف پی پی صحافیوں کے ساتھ ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادیِ صحافت پر یقین رکھتی ہے، صحافت کو دبانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ خیبر پختونخوا میں صحافیوں کے تحفظ اور آزادی کےلیے ادارے اور پارلیمان کردار ادا کریں۔