وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈبلیو ڈی کو فوری تحلیل کرنے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے، پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے مکمل کروایا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے لائحہ عمل اور متبادل پر کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری تعمیر و مرمت کےلیے بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کی خدمات لی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے انتظام کےلیے ایسٹ مینجمنٹ کمپنی تشکیل دی جائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔