• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اور سہولت کاروں کیخلاف عوامی غصہ بڑھتا جارہا ہے، لطیف کھوسہ

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ حکومت اور سہولت کاروں کیخلاف عوام کا غم و غصہ بڑھتا جارہا ہے، امریکی کانگریس میں قرارداد کو پوری دنیا میں نوٹس کیا جارہا ہے.

 نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں پیشی کے موقع پر عمران خان پارٹی میں اختلافات پر کافی پریشان نظر آئے، میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی فورمز سے عمران خان اور پی ٹی آئی کیلئے اچھی خبریں سامنے آرہی ہیں، پچیس جون کو امریکی کانگریس میں آٹھ فروری کے انتخابات پرا یک قرارداد منظور ہوئی جس میں انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا، اسی طرح اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ورکنگ گروپ کا بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قید میں رکھا گیا ہے۔ 

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان بہت زیادہ پرعزم اور پراعتماد ہیں،بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں انہیں جتنا جیل میں رکھیں گے وہ اتنا ہی مقبول ہوں گے، عدت میں نکاح کیس شرمناک ہے ملک کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سب سے زیادہ فکر پاکستانی عوام کی ہے.

عمران خان نے کہا ہے کہ اختلافات کے بجائے توجہ مہنگائی پر مرکوز کریں، بجلی، پٹرول اور گیس کے بلوں میں اضافہ ہورہا ہے، بجٹ میں غریبوں اور تنخواہ داروں پر سارا بوجھ ڈالا گیا ہے، عمران خان سمجھتے ہیں اس کے پاکستان اور عوام کیلئے بہت نقصاندہ اثرات ہوں گے، بجٹ میں اشرافیہ کو بے حساب نوازا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید