کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی کو سوا سال ہوگیا مگر اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی سے کوئی گفتگو کرنا نہیں چاہتی جو مایوس کن بات ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی سے اسٹیبلشمنٹ کے گلے شکوے پہلے دن کی طرح آج بھی قائم ہیں، بدقسمتی سے کوئی راستہ بنتا نظر نہیں آرہا جس کی وجہ سے تحریک انصاف میں دن بدن فرسٹریشن بڑھ رہی ہے۔
سینئر صحافی عمر چیمہ نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات کو بڑھانے میں عمران خان کا اپنا کردار بھی ہے، عمران خان پارٹی میں لڑائی نہیں چاہتے تو ذمہ داروں کیخلاف ایکشن لیتے
نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دونوں گروپوں نے اختلافات کی تردید وقتی طور پر کی ہے، عمران خان اپنے وکلاء کے ذریعہ پیغام دیا تھا کہ جو لوگ اس وقت بہت جوش سے پارٹی میں گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں ان کے نام مجھے دیئے جائیں اگلے انتخابات میں انہیں ٹکٹ نہیں دیں گے۔
منیب فاروق کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ذات کے علاوہ تحریک انصاف کی کوئی حیثیت نہیں ہے، تحریک انصاف کی سیاست میں اہمیت ہے اسی لیے پارٹی آج بھی زیرعتاب ہے، عمران خان آج بھی مقبول اور پی ٹی آئی آج بھی مضبوط ہے، میری اطلاعات کے مطابق اس وقت عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہے۔