کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسٹیل ٹاون کے علاقے میں پولیس اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ کے دوران کار میں سوار خاتون گولی لگنے سے جاں بحق جبکہ اس کی بیٹی زخمی ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاون تھانے کی حدود گلشن حدید لنک روڈ پر کار میں سوار مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون جاں بحق اور اس کی بیٹی زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ اس وقت ہوا جب معمول کے گشت پر مصروف پولیس اہلکاروں نے سفید رنگ کی مشتبہ کار نمبر brt-916 کو روکنے کی کوشش کی،کار سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس نے کار کا پیچھا کیا تو مذکورہ مقام پر ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی ۔فائرنگ کی زد میں آ کر آلٹو کار میں سوار دو خواتین بھی زخمی ہوئیں جنہیں جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی جبکہ اس کی بیٹی اسپتال میں زیر علاج ہے تاہم کار کا ڈرائیور خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت 59 سالہ سارہ زوجہ ابراہیم اور اس کی زخمی بیٹی 18 سالہ گھانو کے نام سے ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ مقتولہ اور زخمی لڑکی اپنے گھر واپس ٹھٹھہ آرہے تھے ۔ پولیس نے جوابی فائرنگ میں ایک ملزم کے زخمی ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،پولیس کے مطابق سفید کار میں سوار ملزمان شہریوں سے ڈکیتی میں ملوث ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پولیس پر کلاشنکوف سے فائرنگ بھی کی تھی، پولیس ملزمان کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی تھی کیونکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جعلی رجسٹریشن نمبر پلیٹس استعمال کیں۔