لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلی ٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ظلم ،مصنوعی مہنگائی برداشت نہیں ،نظام بدلنا ہوگا ،انھوں نے دورہ گوجرانوالہ کے دوران گوجرانوالہ کے لئے میگا پراجیکٹس کا اعلان ،گوجرانوالہ میٹرو بس پراجیکٹ کے لئے فوری اقدامات اورچھوٹی بڑی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا حکم دے دیا اورگوجرانوالہ میں سرکاری سطح پر پہلا سٹیٹ آف آرٹ کارڈیک ہسپتال بنانے کا اعلان بھی کیا۔کارڈیک سرجری اور کیتھ لیب بھی فراہم کی جائے گی۔پیڈز اور برن یونٹ بھی قائم ہوں گے۔ نگار چوک سٹیڈیم کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے اور جلد از جلد تکمیل کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ نے گوجرانوالہ میں پارکس بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں کی بیوٹیفکیشن کرنے اور فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیل کی تعداد بڑھانے ،مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور اشیا ضروریہ کی نرخ نیچے لانے کی ہدایت کی-وزیر اعلیٰ نے کہا کسی کو بیروزگار نہ کریں،ریڑھی والوں کو منظم طریقے سے روڈ سائڈ پر کھڑا کیا جائے۔ ڈرگز کے سدباب کے لئے آپریشن جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں سبیل اور کھانا حکومت کی طرف سے دیا جائے گا ،وزیر اعلیٰ سے کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی،اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، ارکان اسمبلی نے مسائل، تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے واہنڈو انٹر چینج پر فارسٹیشن کا افتتاح اور گوجرانوالہ ایکسپریس وے کا باقاعدہ آغاز کر دیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ علی پور تا قادر آباد روڈ اور چن دا قلعہ تا عزیز کراس چوک تعمیر و بحالی کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا،چن دا قلعہ پر ٹریفک کی روانی کے لئے فلائی اوور بھی بنایا جائے گا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ایکسپریس وے کا دورہ کرکے جائزہ لیا-وزیر اعلی مریم نواز نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا ، وزیر اعلیٰ کمشنر آفس گوجرانوالہ سے واپسی پر اچانک چلڈرن ہسپتال پہنچ گئیں وارڈز کا جائزہ، میڈیسن سٹور کا بھی معائنہ کیا- وارڈ کے دروازے پر کھڑے ہوکر بچوں کے علاج کے بارے میں دریافت کیا - مریض بچوں کے والدین نےسہولتوں پر اظہار اطمینان کیا-وزیر اعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے توسیعی منصوبے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی،وزیر اعلیٰ نے صوبے میں روٹی، آٹے اور آٹے سے بنی اشیاء کی قیمتوں کو سختی سے برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔