ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ راولپنڈی میں سانحہ 9 مئی کے ملزمان کا سامان فروخت کے الزام میں گرفتار پولیس اہلکار کو پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق گرفتار پولیس اہلکار نے سانحہ 9 مئی کے ملزمان کا سامان فروخت کیا، ملزم کے خلاف درج مقدمے میں دفعہ 409 شامل کردی گئی ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق اینٹی کرپشن کوتفتیش کی منتقلی تک ملزم کو جیل بھجوایا جائے، ملزم کا یکم جولائی کو اسپیشل کورٹ سے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ لیا گیا تھا۔
راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ملزم صداقت احمد کو عارضی طور پر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا اور کہا کہ ملزم کو 8 جولائی کو اینٹی کرپشن کی عدالت میں پیش کیا جائے۔
ملزم صداقت احمد پر 9 مئی کے 33 ملزمان کا قیمتی سامان فروخت کرنے کا الزام تھا، جس کے خلاف دفعہ 406 اور 155 کے تحت تھانہ نیوٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔
سینئر سول جج وقار احمد سدھو نے سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔