• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ، اسٹارمر نے وزارت عظمیٰ سنبھال لی، رشی سونک شکست کے بعد مستعفی

لندن ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) برطانیہ میں لیبر پارٹی کی 410 سے زائد نشستوں کیساتھ تاریخی کامیابی کے بعد پارٹی سربراہ کئیر اسٹارمر نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھال لیا ، نومنتخب وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ملک کو بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے، کنزرویٹیو پارٹی کے سربراہ رشی سونک نے اپنے الوداعی خطاب میں پارٹی کی سربراہی سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ وہ شکست تسلیم کرتے ہیں ، کیر اسٹارمر کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہوگی۔

 تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر اعظم کیئر اسٹارمر وزیر اعظم کی حیثیت سے پہلی بار ڈاؤننگ اسٹریٹ میں داخل ہوئے، انہوں نے ملک کی معیشت کی بحالی کے لئے فوری کارروائی کا عزم کیا۔

لیبر پارٹی کے رہنما نے جمعرات کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی، جس سے رشی سوناک کی پارٹی کنزرویٹو کی 14سالہ حکمرانی کا خاتمہ ہوا۔

 کیئر اسٹارمر نے ریاست کے سربراہ شاہ چارلس سوم کی حکومت بنانے کی درخواست کو قبول کرنے کے بعد ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا کام فوری طور پر شروع ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں، ہم برطانیہ کی تعمیر نو کریں گے ۔

61سالہ سابق انسانی حقوق کے وکیل اور چیف اسٹیٹ پراسیکیوٹرکیئر اسٹارمر نے رشی سوناک کو خراج تحسین پیش کیا، جنہیں اکتوبر 2022 میں لز ٹرس کے تباہ کن دور کے بعد ٹوری لیڈر اور وزیر اعظم مقرر کیا گیا تھا۔

 دوسری جانب عام انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کو بدترین شکست کے بعد رشی سونک نے پارٹی کی صدارت سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

انتخابات میں شکست کے بعد جمعہ کو دن میں 10ڈاؤننگ اسٹریٹ سے رشی سونک نے الوداعی خطاب کیا۔ رشی سونک نے اپنے الوداعی خطاب میں پارٹی لیڈر کے عہدے سےمستعفی ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ نیالیڈرآنے تک ذمے داری ادا کرتا رہوں گا۔

اہم خبریں سے مزید