• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیکٹری کے ’’ٹول میکر‘‘ کے بیٹے کا برطانوی وزارت عظمیٰ تک سفر

کراچی (رفیق مانگٹ ) 2019 میں لیبر پارٹی کی 85 سال میں انتخابات میں بدترین شکست کے بعد 2020 میں پارٹی سربراہ بننے والے برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم کیئراسٹارمر 2 ستمبر 1962 میں لندن میں پیدا ہوئے۔ان کے والد ٹول میکرتھے، برطانیہ کی حالیہ تاریخ کے پہلے ملحد وزیر اعظم ،اہلیہ اور بچے یہودی عقائد کے پیروکار ہیں۔ 

بادشاہ سے وفاداری کیلئے حلف کی بجائے اثبات سے کام لیا، کہا کہ وہ خدا پر یقین نہیں رکھتے، گھر والے لیبر کے حامی، نام لیبر کے پہلے پارلیمانی لیڈر جے کیئر ہارڈی کے نام پر رکھا، اثاثوں میں 3 ارب57 کروڑ روپے کی اراضی، 35 کروڑ  66 لاکھ مالیت کا گھر ، 4 کروڑ سے زائد ٹیکس دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ان کا بچپن جنوب مشرقی انگلینڈ میں سری کاؤنٹی میں گزرا۔ وہ روڈنی اسٹارمر کے چار بچوں میں سے ایک ہے، ان کی دو بہنیں اور ایک بھائی ہیں۔ان کے والد ایک فیکٹری میں اوزار سازی کا کام ( ٹول میکر ) تھے، ان کی والدہ جوزفین ایک نرس تھیں، گھر والے لیبر پارٹی کے پرانے حامی تھے یہی وجہ ہے کہ ان کا نام لیبر پارٹی کے پہلے پارلیمانی لیڈر جے کیئر ہارڈی کے نام پر رکھا گیا۔ 

بی بی سی کے مطابق ان کی والدہ کی زیادہ تر زندگی’’سٹل ڈزیز ‘‘نامی آٹو امیون بیماری سے لڑتے ہوئے گزری۔ بیماری سے لڑتے لڑتے بالآخر وہ چلنے اور بولنے سے قاصر ہو گئیں اور اسی بیماری کی وجہ سے ان کی ایک ٹانگ بھی کاٹنی پڑی۔ 2015 میں جب وہ رکن پارلیمنٹ بنے تو چند ہفتوں بعد ان کی والدہ چل بسی اور اس کے تین سال بعد ان کے والد بھی دنیا سے چلے گئے۔

اسٹارمر ایک ملحد ہے ، ٹیلی گراف کے مطابق انہوں نے بادشاہ سے وفاداری کے لئےحلف کی بجائے اثبات سے کام لیا، انہوں نے کہا ہے کہ وہ خدا پر یقین نہیں رکھتے، انہوں نے 2022 کے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے بچوں کی پرورش یہودیوں کے عقیدے کے مطابق ہو رہی ہے۔ 

اسٹارمر نے 2007 میں وکٹوریہ الیگزینڈر سے شادی کی جواین ایچ ایس کے لیے کام کرتی ہیں جبکہ ان کا ایک 16سالہ بیٹا اور 13سالہ بیٹی ہے اور وہ شمالی لندن میں رہتے ہیں۔ 

ٹیلی گراف کے مطابق کیئر اسٹارمر نے اپنے بچوں کو 10 سال کی عمر تک گوشت نہیں کھانے دیا اور کہا کہ ان کی بیٹی نےاپنی زندگی میں کبھی گوشت کا ذائقہ نہیں چکھا۔ ان کی اہلیہ سبزی خور ہیں، گھر میں گوشت یا مچھلی کے ساتھ کھانا تیار کرنے سے ہمیشہ گریز کرتے ہیں۔ دی جیوش کرانیکل کے مطابق وکٹوریہ کے والد یہودی ہیں ،وہ پولینڈ سے آئے تھے اور جب ان کی شادی ہوئی تو ان کی ماں نے مذہب تبدیل کر لیا۔ 

اسٹارمر کو فٹ بال کاجنون رہا ہے، وہ طویل عرصے سے شوقیہ لیگوں میں کھیل چکا ہے۔ اسٹارمر اپنے خاندان میں یونیورسٹی جانے والے پہلے فرد تھے۔ انھوں نے یونیورسٹی آف لیڈز اور آکسفرڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور پھر انسانی حقوق کے ماہر وکیل کی حیثیت سے کام کیا۔ 

2002 میں انہیں ملکہ کا وکیل مقرر کیا گیا۔اس دوران انہوں نے برطانیہ اور بیرون ملک انسانی حقوق کے مسائل پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کئی کیریبین اور افریقی ممالک میں سزائے موت ختم کرنے کے لئے کام کیا۔

 2008 میں اسٹارمر کو پبلک پراسیکیوشن کا ڈائریکٹر اور کراؤن پراسیکیوشن سروس کا سربراہ بنایا گیا جس کے بعد وہ برطانیہ اور ویلز میں سب سے سینئر پراسیکیوٹر بن گئے تھے۔2013 میں انھوں نے یہ ملازمت ترک کی۔

اہم خبریں سے مزید