• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی رہنماؤں کی ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کی مذمت

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے کی عالمی رہنماؤں نے مذمت کی ہے۔

جاپانی وزیرِ اعظم فومیو کیشیدا نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، پُرتشدد واقعات کے خلاف سب کو کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے سیاسی تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جمہوریت کو چیلنج کرنے والے کسی بھی قسم کے تشدد کے خلاف ہیں، سابق صدر ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

دوسری جانب کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ پر فائرنگ پریشان کُن ہے، سیاسی تشدد کبھی بھی قابل قبول نہیں۔

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی ریلی میں دل دہلا دینے والے مناظر دیکھ کر حیرت زدہ ہوں، معاشرے میں کسی بھی شکل میں سیاسی تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔

برطانوی وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ہم متاثرین کے ساتھ ہیں۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ پر حملہ حیران کن ہے، ٹرمپ کی حفاظت اور صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

یورپی یونین خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پر حملے کی خبر سے صدمہ ہوا جس کی مذمت کرتا ہوں، ایک بار پھر سیاستدانوں کے خلاف ناقابل قبول تشدد کی کارروائیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی مذمت اور واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سابق امریکی صدر کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ سیاسی عمل میں ہر قسم کا تشدد قابلِ مذمت ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقدہ ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔

انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کرنے والا حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک دوسرا شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید