• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی

تصاویر بشکریہ غیرملکی میڈیا
تصاویر بشکریہ غیرملکی میڈیا

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی۔

امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا مقامی شخص تھا جس کی عمر 20 سال تھی اور نام تھامس میتھیو کروکس تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ حملے کے وقت مشتبہ حملہ آور سے تقریباً 120 سے 150 میٹر دور تھے، حملہ آور ریلی کے مقام سے بالکل باہر عمارت کی چھت پر تھا۔

امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص رجسٹرڈ ریپبلکن تھا۔

امریکی سیکرٹ سروس نے بتایا ہے کہ حملہ آور نے ریلی کے باہر سے ایک بلند مقام سے متعدد گولیاں چلائیں۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے فوراً بعد اہلکاروں نے حملہ آور کو گولی مار دی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو اہلکاروں نے ڈرامائی انداز سے ایک ہی لمحے میں حصار میں لے لیا تھا، جبکہ خاتون اہلکار بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے ڈھال بن گئیں اور سابق صدر کے پورے جسم کو محفوظ بنا لیا۔

اس موقع پر اہلکاروں کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ شوٹر مر چکا ہے، اب ڈونلڈ ٹرمپ کو اسٹیج سے گاڑی کی طرف لے جایا جا سکتا ہے جس پر سابق صدر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں کھڑا کیا اور انہیں پورے حصار میں لے کر گاڑی کی طرف روانہ ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد سابق امریکی صدر ٹرمپ نیو جرسی پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقدہ ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔

انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کرنے والا حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک دوسرا شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید