سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں میں مستقل مزاجی ہونی چاہیے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں ارسلان اسلام شیخ کا کہنا تھا کہ آج سے 40 سال پہلے ایک فیصلہ کر کے عدالتی قتل کیا گیا اور بعد میں مانا گیا کہ وہ فیصلہ غلط تھا۔
انہوں نے کہا کہ 6 مہینے پہلے کہا گیا کہ پی ٹی آئی کو نشان نہیں دے سکتے اب کہا گیا کہ پارٹی نشان نہیں لیکن مخصوص نشست دے سکتے ہیں۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ ان سب فیصلوں سے سیاسی اور معاشی عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی غرض نہیں کس کو کتنی مخصوص نشست ملیں گی، اب دیکھیں گے ہر جگہ سے پٹیشن جمع ہو رہی ہوں گی۔
ارسلان اسلام شیخ نے یہ بھی کہا کہ کوئی صدراتی انتخابات کو چیلنج کر رہا ہوگا تو کوئی سینٹ الیکشن کر رہا ہوگا۔ کہیں حکومتوں اور صوبائی اسمبلی کی قانونی حیثیت چیلنج کر رہا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان سب کے فیصلوں پر بیرونی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے۔