پاکستانی معروف گلوکارہ میشا شفیع نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے کنسرٹ کے دوران ان کے لیے گانا گایا ہے۔
حال ہی میں کینیڈا میں بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ ہوا، جس کے تمام ٹکٹس دیکھتے ہی دیکھتے، ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو گئے۔
جہاں دنیا بھر سے گلوکار کے مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کے کنسرٹ میں شرکت کی وہیں اس کنسرٹ میں میشا شفیع بھی شائقین کے درمیان موجود نظر آئیں۔
دلجیت دوسانجھ نے کنسرٹ کے دوران اپنے مشہور و ہٹ گانے پیش کر کے ماحول گرما دیا۔
اسی دوران انہوں نے اپنی البم گھوسٹ سے پنجابی نمبر ’کیس‘ پیش کیا، جس کے بول کچھ یوں ہیں، ’گاڑی میں بیس چلدا بیس چلدا، منڈا فل پیس چلدا پیس چلدا، جیب وچو فیم لبھی اے فیم لبھی اے، متران تے ’کیس چلدا‘ کیس چلدا‘۔
بھارتی گلوکار کے گانے میں ’دوستوں پر کیس چلنے‘ کا ذکر ہوا تو میشا شفیع نے اسے اپنے کیس سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ’دلجیت نے میرے لیے گانا گایا ہے‘۔
خیال رہے کہ 18 اپریل 2018ء کو میشا شفیع نے اپنے ایک ٹویٹ میں گلوکار اور اداکار علی ظفر پر خود کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔
یہ پوسٹ اس وقت کی گئی تھی جب دنیا بھر میں ”می ٹو“ کی مہم اپنے عروج پر تھی جس کے تحت خواتین خود کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف آواز اٹھا رہی تھیں۔
گلوکارہ نے ساتھی گلوکار علی ظفر کے خلاف صرف ”می ٹو“ کی مہم کا آغاز نہیں کیا تھا بلکہ انہوں نے علی ظفر کے خلاف کیس بھی دائر کیا تھا۔
بعد ازاں الزامات ثابت نہ ہونے کی صورت میں علی ظفر اور میشا شفیع دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف ہتکِ عزت کے کیسز دائر کیے تھے اور یہ تنازع تاحال کسی منطقی انجام تک نہیں پہنچا ہے۔