• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی منظوری کا تحریری حکم جاری کردیا

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا 9 مئی کے 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔

اے ٹی سی کے تحریری حکم میں کہا گیا کہ تفتیشی کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے گرفتاری پر کارکنان کو عسکری تنصیبات پرحملے کا کہا۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ تفتیشی افسر نے وائس میچنگ، پولی گرافک اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کےلیےجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے۔

تحریری حکم میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے نہیں لائی گئیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جب انہوں نے کچھ کیا ہی نہیں تو وہ معافی کیوں مانگیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی درخواستوں کی مخالفت کی، ملزم پر جدید ڈیوائسز کے ذریعے مجرمانہ سازش پھیلانے کا الزام ہے۔

تحریری حکم میں کہا گیا کہ انصاف کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کے عمل میں خلل نہیں ہونا چاہیے۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا تمام مقدمات میں 10 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے، ملزم کو 25 جولائی کو ویڈیولنک کے ذریعے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید