• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم پر 9 مئی کے بعد بہت ظلم ہوئے، خاندان کو بچانے کے لیے امریکا بھجوادیا تھا، اسد قیصر


پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما، سابق اسپیکر برائے قومی اسمبلی اسد قیصر نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کا خاندان 9مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے بیرونِ ملک مقیم ہے، اُن پر 9 مئی کے بعد بہت ظلم ہوئے جن کے پیشِ نظر انہوں نے اپنے خاندان کو ٹارگیٹ ہونے سے بچانے کے لیے امریکا بھجوادیا تھا۔

اسد قیصر نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب کو ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دیا ہے۔ 

سینئر سیاسی رہنما اسد قیصر نے انٹرویو کے دوران جہاں ملک میں جاری مہنگائی کی لہر، حالیہ سیاسی صورتحال و بانیٔ پی ٹی آئی سے متعلق  کھل کر بات کی وہیں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بھی سوالات کے جواب دیے۔

سیاسی رہنما اسد قیصر کا پوڈ کاسٹ کے دوران بتایا کہ میری ایک اہلیہ ہے، میری شادی خاندان کی پسند سے ہوئی تھی، اسد قیصر کے مطابق اُن کے چار بچے، دو بیٹے اور بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک بیٹے اور ایک بیٹی کو سیاست میں آنے کا شوق ہے مگر اُن کا ماننا ہے کہ فی الحال بچوں کو اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔

اسد قیصر نے پوڈ کاسٹ کے دوران میزبان کی جانب سے ماہانہ کمائی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بھی جواب دیا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ میری جتنی ماہانہ کمائی اتنے ہی میرے خرچے بھی ہیں، گھر اور باہر ملازم بھی ہیں اور اُن کی تنخواہیں بھی ہیں، میرا مرکزی کمائی کا ذریعہ اسکولنگ سسٹم ہے۔

اسد قیصر نے انکشاف کیا کہ اگر اس وقت میرا بینک اکاؤنٹ دیکھا جائے تو اُس میں صرف 4 سے پانچ لاکھ ہی موجود ہوں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اسد قیصر کا بتانا تھا کہ ایک ایم این اے کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں ایم این ایز کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق زیرِ گردش خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید