وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ کون ہیں جن کو ترقی اچھی نہیں لگ رہی، آئین ری رائٹ کیا جا رہا ہے، حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی، کسی نے رخنہ ڈالا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت ہے، وہ کچھ عطا کر دیا جو مانگا ہی نہیں، کہا جا رہا ہے پندرہ دن میں تحریک انصاف کو جوائن کرو، جس کو واپس لانا چاہتے ہیں وہ قوم کا مجرم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو واپس لانے والا وہی ہے جو اڈیالہ میں اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے، کس نے نہیں دیکھا انہوں نے ملک کو آگ لگائی، شہداء کی یادگاروں پر حملہ کیا، عدالت کو یہ سب نظر نہیں آرہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک حکومت ملک کو مستحکم کر رہی ہے تو اسے چلنے دو، عوام اپنے کان اور آنکھیں کھلی رکھیں، اب مزید برداشت نہیں کریں گے اور نہ کرنا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ کہا جاتا ہے کہ ضمیر کے مطابق فیصلے کرتے ہیں، فیصلے ضمیر کے مطابق نہیں آئین کے مطابق ہونے چاہیے، سپریم کورٹ کے ججوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ ملک کو چلنے دیں۔
مریم نواز نے تقریب سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ ایک شخص کولانے کے لیے آئین کو ری رائٹ کیا گیا، سپریم کورٹ کے ججوں نے آئین کو ری رائٹ کر دیا، وہ کون ہیں جن کو ملک ترقی کرتا ہوا اچھا نہیں لگتا اور آئین کوری رائٹ کیا گیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو وہ ریلیف دیا گیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا، عمر عطا بندیال نے بھی آئین کوری رائٹ کیا تھا۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ چند افراد کا ٹولہ بیٹھ کر ایسے فیصلے کر دیتا جس سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے، سپریم کورٹ نے وہ کچھ عطا کر دیا جو مانگا نہیں گیا تھا، آئین اور قانون کہتا ہے کہ آپ فلور کراسنگ نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ کےججز کا یہ فیصلہ کہتا ہے کہ آپ فلور کراسنگ کریں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، مہنگائی ہونے کے بعد قیمتیں واپس لانا مشکل کام ہوتا ہے، نوازشریف مجھے کہتے ہیں کہ روٹی کی قیمت بڑھنے نہیں دینی، مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب ملک میں استحکام ہونے لگتا ہے تو کسی نہ کسی کو اس کی تکلیف شروع ہو جاتی ہے، جس کو وہ لانا چاہتے ہیں وہ قوم کا مجرم ہے، پتہ نہیں وہ کدھر سے لانچ ہوئے اور پیسہ کہاں سے آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف کو مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں، ہمیں تنزلی کی طرف جاتا ہوا پاکستان ملا، اسٹاک مارکیٹ 82 ہزار پر پہنچی ہے، یہ بلاوجہ نہیں ہوتا۔
تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل بڑھے ہیں، تاریخ کا سب سے بڑا سولر منصوبہ پنجاب میں لا رہے ہیں، 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت سولر دیں گے، پنجاب کے تمام اضلاع میں ماڈل بازار بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا میں پی ٹی آئی کی گیارہ سال سے حکومت ہے، صوبے میں کیا کیا ہے؟
انہوں نے پی ٹی آئی کی خاتون رہنما صنم جاوید سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک عورت نے ملک کی تنصیبات پر حملہ کیا وہ جیل میں ہے وہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے جیل میں بند ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم سے وعدہ کرتی ہوں، جب تک عہدوں پر ہیں ملک کی خدمت کرتے رہیں گے، آپ کے گھر کی دہلیز پر کچن کا سامان دستیاب ہو گا، مہنگائی ایک دفعہ ہو جاتی ہے تو اس کو واپس لانا مشکل کام ہے، جو کچھ بھی ہم کر سکتے ہیں کر رہے ہیں اور کریں گے۔