وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2013 کی الیکشن مہم میں، میں نے جذبات میں کہہ دیا تھا کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کردوں گا۔
جناح میڈیکل سینٹر اسلام آباد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میری اخلاص سے کہی ہوئی بات پر میرا مذاق اڑایا گیا تو اللّٰہ سے دعا کی میری عزت رکھے، اور حکومت نے نواز شریف کی قیادت میں 2018 میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جناح میڈیکل سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا ہے، جناح میڈیکل سینٹر طبی سہولتوں کے لحاظ سے خطے میں شاندار سینٹر ہو گا، جناح میڈیکل سینٹر اس خطے میں علاج معالجے کا سب سے بے مثال سینٹر ہو گا۔
شہباز شریف کا کہنا پے کہ جناح میڈیکل سینٹر میں لیبارٹریز اور نرسنگ اسکول بنیں گے، جناح میڈیکل سینٹر دنیا کا بہترین اور مشکل ترین امراض کے علاج کا مرکز ہوگا، مخلوط حکومت کا یہ تحفہ صرف جڑواں شہروں کے لیے نہیں کے پی، آزاد کشمیر اور جی بی کے عوام کے لیے بھی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں تمام سرکاری اسپتالوں میں علاج فری تھا، غریب آدمی کا حق ہے اس کو تعلیم اور علاج اس کی دہلیز پر پہنچایا جائے، ایک نام نہاد منصف نے سازش کر کے پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی سازش کی، آج دوبارہ پی کے ایل آئی میں روز ہزاروں مریض فیض یاب ہورہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عام آدمی کی تعلیم، علاج معالجے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، دنیا کی جدید ترین تمام سہولتیں یہاں پر ہوں گی، اس اسپتال کے لیے جتنے پیسے درکار ہوں گے ہم مہیا کریں گے، چیئرمین سی ڈی اے اور وزیرِ داخلہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس کے لیے زمین مہیا کی، بہت جلد ہم کنٹریکٹس ایوارڈ کریں گے، ابھی سفر کا آغاز ہوا ہے ابھی اور محنت کی ضرورت ہے۔