• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر اداکارہ فریحہ جبیں نے طلاق کے بعد بیٹی امر خان کو کیسے پروان چڑھایا؟


پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ فریحہ جبیں نے پہلی محبت اور طلاق کے بعد دوسری شادی نہ کرنے کی وجہ سے پردہ اُٹھا دیا۔

حال ہی میں اداکارہ فریحہ جبیں اور ان کی بیٹی امر خان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔ جہاں ان دونوں نے نجی زندگی و کیرئیر سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔

دوران پروگرام جب فریحہ جبیں کی دوسری شادی سے متعلق سوال کیا گیا تو، اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی و اداکارہ امر خان اس معاملے میں ہمیشہ حساس رہی ہیں اس لیے کبھی دوسری شادی کے بارے میں نہیں سوچا۔

امر خان نے اپنی والدہ کی دوسری شادی اور ان کی پہلی محبت کے حوالے سے مزید بتاتے ہوئے اپنے بچپن کا ایک قصہ سنایا کہ جب 7 یا 8 برس کی تھی تو ایک بار اماں کی تصویر ایک میک اپ آرٹسٹ کے ساتھ دیکھی تو اس قدر غصہ آیا کہ تصاویر کا پورا البم ہی پھاڑ دیا، جبکہ وہ شخص ان کے بچوں کی طرح تھا۔

انہوں نے بتایا اماں کا اپنے سابقہ شوہر سے محبت نہیں بلکہ عشق تھا، یہ محبت کے معاملے میں بہت وفادار رہی ہیں، ایک شخص سے عشق ہوا اور ایسا ہوا کہ اسی سے شادی کی اور جب طلاق ہوئی تو اس کے بعد محبت کا قلم ہی توڑ دیا۔

دوران انٹرویو فریحہ جبیں نے بتایا کہ امر خان کے والد اچھے انسان تھے، وہ امریکا میں مقیم ہیں جہاں سے امر نے بھی تعلیم حاصل کی ہے، سابقہ شوہر نے بیٹی کو بھی وہاں بلانا چاہا لیکن انہوں نے بیٹی کو وہاں جانے نہ دیا۔

فریحہ جبیں نے یہ بھی بتایا کہ تعلیم کی کمی کی وجہ سے جن مشکلات کا انہیں سامنا رہا، وہ نہیں چاہتی تھیں کی بیٹی کو بھی وہی برداشت کرنا پڑے اس لیے انتہائی تنگ دستی کے باوجود بھی کبھی بیٹی کی تعلیم پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ غربت کی وجہ سے وہ ہمیشہ اپنی بیٹی کی اسکول فیس لیٹ فیس کے ساتھ آخر میں جمع کرواتی تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہ ہاری اور بیٹی کو اچھی تعلیم دلوائی اور بیٹی امر خان نے بھی ان کا بھرم رکھا اور اچھی طرح تعلیم حاصل کی۔

فریحہ جبین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اگرچہ بہت مشکلات دیکھیں لیکن وقت گزر گیا اور آج ان کی بیٹی پڑھ لکھ کر اچھی جگہ پر موجود ہیں اور انہیں کسی چیز کی کوئی پریشانی نہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید