پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف کامیڈین و اداکار افتخار ٹھاکر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ کی دعاؤں نے انہیں مکۃ المکرمہ میں معذور حاجیوں کا خدمت گزار بنا دیا۔
حال ہی میں افتخار ٹھاکر کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔
وائرل ویڈیو کلپ میں تھیٹر اداکار ایک پروگرام میں شریک اپنے بچپن کا ایک یاد گار قصہ سناتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق میاں چنوں سے ہے، وہ 6 یا 7 برس کے تھے تب سے وہ اپنے ان رشتے داروں کی مدد کیا کرتے تھے، جو بحری جہاز کے ذریعے حج کے لیے جایا کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں شروع سے حاجیوں کی خدمت کرنے کا بہت شوق تھا، ان کا سامان اٹھا کر اسٹیشن تک لے جانا، انہیں راستہ بتانا وغیرہ۔
افتخار ٹھاکر نے انکشاف کیا کہ جب ان کی والدہ نے یہ دیکھا کہ میں حجاج کی کتنی جوش و خروش سے مدد کرتا ہوں تو انہوں نے دعا دی کہ ایک دن میں مکہ میں جاکر حاجیوں کی خدمت کروں۔
کامیڈین نے بتایا کہ اب جب بھی وہ ہر سال حج پر جاتے ہیں تو جواد وسیم نامی شخص ان سے حاجیوں کی خدمت کا کام لیتے ہیں، خصوصی طور پر معذور حاجیوں کے ساتھ ان کی ڈیوٹی لگاتے ہیں، تو یہ دیکھ کر ماں کی دعا یاد آجاتی ہے جو انہوں نے مجھے دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک سینکڑوں مسلمانوں بالخصوص معذور افراد کی حج کی ادائیگی میں مدد کر چکے ہیں جبکہ ان کی اولاد بھی اس کام کو آگے لے کر چل رہی ہے۔