• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماڑی پور روڈ سے تاجر ذوالفقار احمداغوا، تاحال پتہ نہ چل سکا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڑی پور روڈ سے گزشتہ روز اغواء کیے گئے تاجر کا پتا نہ چل سکا ، منیجرنے کلری پولیس تھانے میں درخواست جمع کرادی جبکہ اہلیہ نے بازیابی کیلئے عدالت سے رجوع ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈسٹرکٹ سٹی میں قائم کلری پولیس اسٹیشن کی حدود سے گزشتہ روز ذوالفقار احمد نامی نجی کمپنی کے ڈائریکٹر کو مبینہ طور پر نقاب پوش 8ملزمان اغواء کرکے لے گئے تھے ۔کمپنی کے منیجر عمران کی جانب سے کلری پولیس سے رابطہ کیاگیا جس میں بتایاگیا کہ پراچہ ٹیکسٹائل مل اور کولا نیکسٹ کے ڈائریکٹر ذوالفقار احمد کو منگل کی شام آگرہ تاج کے قریب ماڑی پور روڈ کے مقام سے نقاب پوش 8 نامعلوم افراد ڈبل کیبن گاڑی میں اغواء کرکے ساتھ لے گئے۔مغوی کی اہلیہ نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ذوالفقار احمد کی گاڑی کو کالے رنگ کے ویگو نے ماڑی پور پر روکا۔ نقاب پوش افراد نے اسلحے کے زور پر ان کے ساتھ موجود ان کے دوست قیصر کو گاڑی سے اتار کر ویگو میں بٹھا دیا۔ اغوا کاروں نے کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد ذوالفقار احمد کے دوست قیصر کو گاڑی سے اتار دیا مگر ذوالفقار احمد کو جانے نہیں دیا۔ دوسری جانب مقدمہ درج نہ ہونے پر اہلیہ کی جانب سے ہائی کورٹ میں بازیابی کیلئے پٹیشن دائر کی گئی ذوالفقار احمد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت پر عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ،آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹسز جاری کئے ۔ ذوالفقار احمد کلفٹن آفس سے اپنے دوست قیصر کے ساتھ میٹنگ کے بعد نکلے تھے ۔
اہم خبریں سے مزید