• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچ کالونی، آئل ٹینکر کے نیچے دب کر کار سوار جاں بحق، ڈرائیور فرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلوچ کالونی پل پر آئل ٹینکر الٹنے سے تیل سڑک پر بہہ گیا، آئل ٹینک کے نیچے دب کر کار سوار شہری جاں بحق ہوگیا،ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ،بلوچ کالونی کے پل کے قریب آئل ٹینکر ایک کار پر الٹ گیا ،جس کے نتیجے میں کار سوار ایک شخص جاں بحق ہو گیا، شہریوں نے سڑک پر پھیلا جیٹ فیول مٹی کا تیل سمجھ کر ڈرموں میں بھرنا کرنا شروع کر دیا، حادثے کے باعث پل کاایک ٹریک بند ہونے سے شارع فیصل پر کئی کلومیٹر تک بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، کارساز سے میٹروپول تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ کار کو ٹینکر کے نیچے سے نکالنے کے لیے ہیوی مشینری طلب کر لی گئی، سڑک پر پھیلا تیل جمع کرنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد کے باعث ریسکیو حکام کو امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں،جنہوں نے کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد کرین کی مدد سے ٹینکر تلے دبی کار میں موجود شخص کی لاش کو باہر نکالا،لاش کو نکال کر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 48سالہ اسد علی زیدی ولد سید جرار علی کے نام سے ہوئی ، جو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروڈکشن ہاؤس میں سینئر ایڈیٹر تھا۔ ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ٹریفک پولیس نے قیوم آباد سے بلوچ کالونی آنے والے پل کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا تھا تاکہ امدادی کارروائی میں خلل نہ پڑے۔
اہم خبریں سے مزید