• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ ساڑھے 19 سے 20 فیصد تک ہوجائیگا

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مالیاتی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال کے مطابق پالیسی ریٹ میں ردو بدل ہو گا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایک سابق گورنر اور ملک کے تجربہ کار ماہر مالیات اور سابق وفاقی سیکرٹری نے اپنا نام پوشیدہ رکھنے کی یقین دہانی پر کہا کہ پاکستانی معیشت کے اشاریئے مثبت سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اقتصادی استحکام آ رہا ہے‘ دوسرے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے وفود بھیج رہے ہیں اسلئے امید واثق ہے کہ 29جولائی 2024ء پیر کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اجلاس کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک مسٹر جمیل احمد ایس بی پی کی مالیاتی پالیسی کا اعلان کرینگے جس میں بینک/پالیسی ریٹ کی شرح 2023ء کی طرح اوپر جانے کی بجائے مزید نیچے آنے کا قوی امکان ہے۔ پالیسی ریٹ میں پچاس سے سو بیسز پوائنٹ تک کمی متوقع ہے جیسے اس طرح پالیسی/بینک ریٹ جو 20اعشاریہ پانچ فیصد چند ماہ پہلے کیا گیا تھا اس میں مزید کمی کا اعلان ہو گا اور اسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ ساڑھے 20فیصد سے کم ہو کر 19اعشاریہ پانچ فیصد سے 20فیصد کے لگ بھگ کر دیا جائیگا جبکہ ملک بھر کے بینک اپنے گاہکوں کو مزید ایک فیصد کم ریٹ پر قرضہ دینے لگیں گے۔سابق گورنر اسٹیٹ بنک نے کہا کہ پیر کو گورنر اسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ میں پچاس سے سو بیسز پوائنٹس کمی کا اعلان کرینگے،چئیرمین عارف حبیب گروپ نے کہا کہ ہمارا تخمینہ ہے کہ پالیسی ریٹ ڈیڑھ فیصد کمی کیساتھ 19فیصد ہو گا،26جون 2020ء کو اسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ 7فیصد تھا جو پی ٹی آئی کا دور تھا۔ عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 29جولائی کو اُنکے تخمینے کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پالیسی ریٹ میں کم و بیش ڈیڑھ فیصد کمی کا اعلان ہو گا اور پاکستان میں بینک/پالیسی ریٹ 19فیصد کرنے کا اعلان گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اپنی پریس کانفرنس میں کرینگے۔
اہم خبریں سے مزید