• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس، افتتاحی تقریب میں دو فاش غلطیاں، منتظمین معافی مانگنے پر مجبور

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پیرس اولمپکس کی شان دار افتتاحی تقریب میں منتظمین کی دو فاش غلطیوں نے انہیں معافی مانگنے پر مجبور کردیا، انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے جنوبی کوریا کے دستے کو شمالی کوریا کے نام سے متعارف کرانے پر معافی مانگ لی۔ جبکہ منتظمین نے مضحکہ خیز غلطی کرتے ہوئے اولمپکس کا جھنڈا الٹا لہرا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب میں شائقین کے سامنے سے گزرنے والے جنوبی کوریا کے دستے کو شمالی کوریا کے نام سے پکارا گیا جس پر جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ افتتاحی تقریب کے دوران ہونے والے واقعے پر افسوس ہوا۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افتتاحی تقریب میں براڈکاسٹنگ کے دوران غلطی ہوئی تھی اور ہم اس پر معافی مانگتے ہیں۔ دوسری جانب واقعے پر جنوبی کورین وزارت کھیل کے نائب وزیر نے وزارت خارجہ کے ذریعے فرانسیسی حکام سے احتجاج کا بھی مطالبہ کیا تھا۔